اسلام آباد(صباح نیوز) یم کیو ایم کے وفد کی پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،ان ملاقاتوں میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) وفد خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے پہنچا تو پی ڈی ایم سربراہ نے خود استقبال کیا۔ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر،عامر خان، کنور نوید شامل تھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی نمائندگی اکرم خان درانی، مولانا لطف الرحمان کر رہے تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے مشاورت کر رہی ہیں، اس وقت ملک کی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے، ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر اور سوچ ہے، متحدہ قومی موومنٹ نے موجودہ حالات میں مشاورت کی۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست کے اندر شرافت، روادری ہم سب کی ذمہ داری ہے، میری جماعت کے رضا کاروں کو نکالیں گے تو ممبران کو اغوا، نقصان پہنچایا جا سکتا ہے، انصار الاسلام والے سویلین لوگ ہیں اور ہماری جماعت کے کارکن ہیں، ہم نے کسی جلسے میں کبھی بھی پولیس پر انحصار نہیں کیا، اگر حکومت کہے گی کسی کو نہیں چھوڑیں گے مطلب کچھ کرنے کا یہ ارادہ رکھتے ہیں۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سیاست میں رواداری اور تہذیب نہ ہو تو سیاست ایک لعنت ہے، عدم اعتماد کے معاملے میں ہم بھی جائزہ لیں گے، ہم مختلف سیاسی رہنماوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ہم مولانا صاحب سے رہنمائی لینے آئے تھے۔ مولانا کا تجربہ ہم سے کافی زیادہ ہے، ایک دوسرے کی رہنمائی سے راستہ بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں صورتحال کو اس طرح ہینڈل کیا جائے جمہوریت کونقصان نہ پہنچے، گزشتہ دنوں ہم نے طے کیا تھا تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے، ہماری ملاقاتوں کے حوالے سے سوال مختلف ہوگئے۔
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے خالد مقبول کی قیادت میں زرداری ہاوس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی سے ملاقات سے قبل ایم کیو ایم رہنماوں نے مسلم لیگ ق کے وفد سے بھی ملاقات کی تھی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
قبل ازیںسابق وزیراعلی بلوچستان سردار اختر مینگل نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملک عبدالولی کاکڑ، آغا حسن، حاجی ہاشم، ملک نصیر، سید محمود شاہ ، مولانا انور، زاہد درانی اور مولانا لطف الرحمان شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور آئندہ مستقبل کے حوالے سے بھی گفت و شنید ہوئی۔