ضابطہ کی کاروائیاں مکمل،سمیرا بہت جلد اپنے وطن پہنچ رہی ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی


اسلام آباد(صبا ح نیوز)مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بھارتی شہر بنگلور کی حراست گاہ میں رکھی گئی پاکستانی خاتون سمیرا اور اسکی چار سالہ بچی آئندہ چند دنوں میں پاکستان آجائیں گی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے سمیرا کو شہریت کا سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کافی سرگرم کردار ادا کیا ہے۔ رسمی مراسلوں کے علاوہ ہائی کمیشن نے متعلقہ بھارتی حکام سے شخصی رابطے بھی کیے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید بتایا کہ پاکستانی دفتر خارجہ نے سمیرا کی جلد واپسی کے لیے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے بھی رابطہ قائم کر رکھا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے انکشاف کیا کہ انکی معلومات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے سمیرا اور اسکی بیٹی کو ضروری این او سی جاری کر دیا ہے اور معاملہ بھارتی وزارت داخلہ کے پاس چلا گیا ہے۔ امکانی طور پر ایک آدھ دن میں ضروری کروائی مکمل ہو جائیگی اور انشااللہ بہت جلد سمیرا اپنی بیٹی کے ہمراہ وطن واپس پہنچ جائے گی۔

عرفان صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انھیں سمیرا کے والدین کے متعلق زیادہ معلومات نہیں تاہم بعض ذرائع کے مطابق قطر میں مقیم سمیرا کا بھائی رابطے میں ہے۔