اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونے سے پاکستان فلاحی ریاست بنے گا،عثمان بزدار


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونے سے پاکستان فلاحی ریاست بنے گا۔

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ علامہ اقبال مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے بہت بڑے داعی تھے، علامہ اقبال نے علاقائی حدود و قیود سے ماورا ہو کر انسانیت کو مخاطب بنایا، مفکر پاکستان علامہ اقبال نے علیحدہ وطن کا نظریہ پیش کر کے مسلمان قوم پر احسان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقبال نے شاعری اور افکار کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا، اقبال نے شاہین کو استعارہ بنا کر نوجوانوں کو خودی کا پیغام دیا، علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور افکار پر عمل کرنا ہی ان کو خراج عقیدت کرنے کا بہترین طریقہ ہے، نئے پاکستان کا وژن اقبال کے افکار اور فلسفے کے عین مطابق ہے، اقبال کے پاکستان کو وزیراعظم عمران خان حقیقی شکل دے رہے ہیں، علامہ اقبال عدل و انصاف، جذبہ ایمانی، خودداری اور انسان دوستی کو مسلمانوں کی ترقی کا ضامن سمجھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے تصور پاکستان کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے، آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔