سندھ میں امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، شکارپور،قاضی احمد میں ایک درجن سے زائد افراد کا قتل عام اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں پر قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے،پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے عوام کو حقوق دینے کی بجائے مزید مراعات اور اقتدار کو طول دینے کیلئے لانگ مارچ کے نام پر ڈھونگ مارچ رچایا ہوا ہے۔وفاقی حکومت کے ریکارڈ قرضوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار اور آئی ایم ایف کی غلامی کی چنگل میں بری طرح پھنس چکا ہے، موجودہ حکومت کی معاشی ٹیم بری طرح ناکام ہوچکی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنڈیارو میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی امیر نے تنظیمی اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سمیت دعوتی و تنظیمی امور کا جائزہ بھی لیا۔ امیر ضلع ایڈووکیٹ شبیر احمد خانزادہ۔ قیم ضلع محمد ہاشم لاشاری، مقامی امیر محمود اجن اور بزرگ رہنما سردار اکبر اجن بھی ساتھ موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہر طرف ظلم اور جبر کا فرسودہ نظام قائم ہے انصاف نہ ملنے کی وجہ سے لوگ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں جس کی وجہ سے مزید خونریزی اور قبائلی تصادم معاشرے میں معمول بن چکے ہیں ۔عدالتوں میں انصاف ناپید دادا نانا کے دائر مقدمات میں پوتوں اور نواسوں کو بھی انصاف نہیں ملتا جس کی وجہ سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد ختم ہوچکا ہے ،قانون صرف امیر کے گھر کی لونڈی بن چکا ہے، مظلوم متاثرہ فریق کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی جبکہ امیر جب چاہیں کسی پر بھی جھوٹے مقدمات قائم کرکے اسے پولیس کے ہاتھوں رسوا کرسکتے ہیں ۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری،روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان کے باوجود حکومت فیفٹ کی بلیک میلنگ سے جان چھڑانے میں ناکام ہے،حکمرانوں کی تمام تر پالیسیاں عوام کی بھلائی، مہنگائی کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کی بجائے آئی ایم ایف اور امریکہ کے مفادات کی نگرانی کیلئے ہیں، چینی، آٹا ،پیٹرول مافیا اور ذخیرہ اندوزوں نے عوام کا جینا مشکل بنادیا ہے لیکن حکمران ایک دوسرے کیخلاف لانگ مارچ کے نام پر صوبائی اور قومی خزانے کو بے دریغ استعمال کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔

عوام کی امنگوں ، ملکی مسائل کو حل اور لوگوں کو مہنگائی،بدامنی، بیروزگاری سے نجات دلانے کیلئے سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی ملک بھر میں دھرنے دے رہی ہے اس سلسلے میں سکھر میں شاندار دھرنا دیا گیا جبکہ اب حیدرآباد،میرپورخاص میں اگلے مرحلے پر دھرنے دیئے جائیں گے، سندھ کے عوام اگر وڈیراشاہی اور فرسودہ جاگیرداری سسٹم سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو اب جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔

آنے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نوجوان قیادت کو میدان میں اتارے گی، عوام اپنے روشن مستقبل اور ملک وملت کو سامراج کی غلامی سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عوام نے جب بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہم نے ڈلیور کیا ہے، عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان اور سراج الحق کی عوامی خدمت اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی دعووں کی بجائے عوام کی خدمت میں یقین رکھتی ہے۔