مظفرآباد،باغ،راولاکوٹ،میرپور،بھمبر،(صباح نیوز)گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی تجویز کے خلاف جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے تحت جمعہ کے روزمظفرآباد،باغ،راولاکوٹ،میرپور،بھمبر اور دوسرے علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں مطالبہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے تحریک آزادی کشمیر کو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا اس لیے یہ فیصلہ واپس لیا جائے ۔
راولاکوٹ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے تحریک آزادی کشمیر کو نا قابل تلافی نقصان پہنچے گا عالمی سطح پر پاکستان کا دیرینہ اور اصولی موقف کمپرومائز ہو گا۔
مودی کے 5اگست 2019ء کے ظالمانہ اقدامات کو تقویت ملے گی پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو تحریک آزادی کشمیر کی منزل کو مزید دور کرنے کا باعث بنیں۔
جماعت اسلامی پونچھ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے سابق امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر سردار اعجاز افضل خان، امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ سردار زاہد رفیق ایڈووکیٹ،طاہر اسحاق،امجد یعقوب،قیوم افسر،سردا ر انور ،فیضان اعجاز و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ وحدت کشمیر اور حق خوداردیت کے سوا کشمیری کوئی فیصلہ قبول نہیں کریں گے سید علی گیلانی اور اشرف صحرائی کی جلائی ہوئی شمع کو روشن رکھیں گے طلوع صبح آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کروایا ہے بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے قربانیاں پیش کی جارہی ہیں کشمیری آزادی کے مورچے میں ڈٹے ہوئے ہیں گزشتہ 3سال سے سوا کروڑ کشمیری یرغمال ہونے کے باوجود کشمیرکا بچہ بچہ آزادی کا نعرہ بلند کررہا ہے ہندوستان کے سامنے سرنڈر ہونے کے لیے تیار نہیں ہے ایسے میں مسئلہ کشمیر کے وکیل اور فریق پاکستان کی طرف سے ایسا اقدام مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مایوس کرے گا۔
اس سے بچنے کی ضرورت ہے ،گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق صوبے سے بڑھ کر دئیے جائیں تا کہ وہاں کے لوگوں کا احساس محرومی ختم ہو لیکن صوبائی درجہ دینے سے تقسیم کشمیر کی راہ ہموار ہو نے کے مترادف ہے جس سے کشمیر ی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مغائر کوئی حل قبول نہیںجماعت اسلامی نے آزادی کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے ہماری قربانیاں ہیں اور جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کی امین ہے تحریک آزادی کشمیر کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کیا جائے گا ۔