75سال سے سندھ پر وڈیرہ شاہی نظام قائم ہے، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ 75سال سے سندھ پر وڈیرہ شاہی نظام قائم ہے، گذشتہ پندرہ سالوں سے سندھ پر تسلسل کے ساتھ پیپلزپارٹی کی حکمرانی کے باوجود عوام صاف پانی،صحت، تعلیم سمیت زندگی کی تمام بنیادی سہولتوں سے محروم اور امن کو تر س رہے ہیں، وفاقی وصوبائی حکومت عوام کو مہنگائی وبیروزگاری سے نجات، قیام امن کیلئے اقدامات کی بجائے ایک دوسرے کیخلاف لانگ مارچ پر سندھ اور وفاقی خزانے سے اربوں روپے ضائع کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہیں، نواب ولی محمد واقعے کے بعد مدیجی شکارپور میں کلھوڑو اور جونیجا برادری کے درمیان ہونے والے خونریز تصادم کے نتیجے میں 09قیمتی انسانی جانوں کا نقصان سندھ حکومت اور پولیس کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دادو کے فرید آباد، چھنڈن ، اللہ ڈنہ تیونو ودیگر پسماندہ علاقوں میں الخدمت کے تحت ہینڈ پمپ کی تنصیب کے موقع پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دادو کے کاچھو کے لوگ آلودہ وزہریلا پانی پینے کی وجہ سے یپپاٹائٹس سمیت مختلف موذی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں، جماعت اسلامی اور اس کا فلاحی ادارہ الخدمت حسب ہال اہلیان سندھ کی خدمت کررہا ہے

انہوں نے زور دیا کہ سندھ کے عوام کو اپنی قسمت بدلنے کیلئے بیدار ہونا پڑے گا، آخر سندھ کے حالات کب بدلیں گے؟ اہل ودیانتدار قیادت ہی ضلع دادو سمیت سندھ کے عوام کو مسائل کی دلدل سے نجات اور ان کے حالات کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

اس موقع پر امیر ضلع دادو مولانا واحد بخش ببر، الخدمت کے صدر محمد موسیٰ، یوتھ کے صدر عبداللہ ڈیرو،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا ودیگر مقامی رہنماء بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔