وزیراعظم کی چوہدری بردران سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کا کوئی ذکر نہیں ہوا، ذرائع ق لیگ


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان کی چوہدری بردران سے ملاقات میں تحریکِ عدم اعتماد کا کوئی ذکر نہیں ہوا۔

ق لیگ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی سے ہونے والی ملاقات کے دوران تحریکِ عدم اعتماد پر وزیرِاعظم عمران خان کا چوہدری بردران سے کوئی بات نہیں ہو ئی۔

ق لیگ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کا ذکر نہ تو وزیرِاعظم عمران خان نے کیا اور نہ ہی چوہدری بردران نے کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کی صحت میں دن بدن بہتری آ رہی ہے، آپ منجھے ہوئے اور زیرک سیاست دان ہیں، کئی لوگ صحت پوچھنے کے بہانے آپ کے پاس آ رہے ہیں۔

چوہدری شجاعت نے وزیرِ اعظم عمران خان سے دریافت کیا کہ کون سے لوگ آ رہے ہیں؟ آپ کن کی بات کر رہے ہیں؟وزیرِ اعظم عمران خان نے جواب دیا کہ آپ سمجھ رہے ہیں کہ میں کن کی بات کر رہا ہوں، میں شہباز شریف کی بات کر رہا ہوں جن کو آپ کی یاد 14 سال بعد آئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی بات پر چوہدری برادران اور وفاقی وزرا نے قہقہہ لگایا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے جدا نہیں ہوں، چھوٹی موٹی چیزیں چلتی رہتی ہیں، میں اور ساتھی بالکل نہیں گھبرا رہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی اس بات پر بھی حاضرین نے قہقہہ لگایا۔