سری نگر:بھارتی فوج نے فروری 2022 میں 8 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے ان میں سے 3نوجوانوں کو ماورائے عدالت ایک جعلی مقابلے میں شہید کیاگیا۔
گزشتہ ماہ بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی 179کارروائیوں کے دوران 107نوجوانوں کو گرفتار کیا جبکہ پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کر کے کم سے کم 10کشمیریوں کو زخمی کر دیا ۔ گزشتہ ماہ بھارتی فوجیوں نے تین خواتین کی بے حرمتی کی اور دو مکانوں کو تباہ کردیا ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی،ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان،غلام احمد گلزار، الطاف احمد شاہ، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام ، فاروق احمد ڈار،سید شاہد شاہ ، سید شکیل احمد ، انجینئر رشید، امیر حمزاہ ، محمد یوسف فلاحی ، ڈاکٹر قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر غلام محمد بٹ ، غلا قادر بٹ ، محمد یوسف میر ، رفیق احمد گنائی ، غلام احمد بٹ ، شکیل احمد یتو، 65سالہ محمد شعبان ڈار، انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز ، محمد احسن اونتو، کشمیری صحافی آصف سلطان،سجاد احمد ڈار ، فہد شاہ اور درجن سے زائد کشمیری خواتین سمیت چار ہزار سے زائد حریت رہنما ، کارکن ، نوجوان اور طلبا کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے شہری حقوق پامال کئے جارہے ہیں ۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ فروری میں پانچ انکانٹرز میں دو فوجی، ایک ایس پی او، ایک عام شہری اور سات عسکریت پسند مارے گئے۔جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں تین جھڑپیں ہوئیں جبکہ سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں ایک ایک انکانٹر ہوا۔ مارے جانے والوں میں عمر اشفاق ملک عرف موسی،اخلاق حجام آف کولگام اور پلوامہ کے عادل کو مارا گیا۔
سات فروری کو پلوامہ کے کریم آباد سے تعلق رکھنے والے عرفان احمد شیخ کو ضلع کے اونتی پورہ علاقے کے نمبل کے مقام پر مارا گیا۔19 فروری کو پلوامہ کے لاروے کاکاپورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے عبدالقیوم ڈار کو شوپیاں کے زینہ پورہ علاقے کے چرمرگ گاں میں گولی ماری گئی ۔25 فروری کو، مزمل احمد میر اور شارق ایوب، دونوں شوپیاں کے رہنے والے تھے، امشی پورہ میں ایک انکانٹر میں مارے گئے۔ جس گھر میں دونوں نے پناہ لے رکھی تھی بھارتی فوج نے اس کے مالک شکیل احمد خان بھی قتل کر دیا۔