عمران خان قوم سے کئے جھوٹے وعدوں پر معافی مانگیں،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان قوم سے کئے جھوٹے وعدوں پر معافی مانگیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب کر کے قوم کا مزید وقت ہی ضائع کریں گے جس شخص پہ عوام کو اعتماد نہیں رہا وہ کیا عوام کو اعتماد میں لیں گے اگرچہ ممکن تو نہیں لیکن شاید خطاب میں چودہ ممالک سے غیرقانونی فنڈنگ،آٹا ،چینی ،بجلی ،گیس دوائی کی چوریوں کا حساب دیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم سے کئے اپنے جھوٹے وعدوں اور سیاسی مخالفین پہ لگائے جھوٹے الزامات پر معافی مانگیں؟کیونکہ مہنگائی میں کمی،پچاس لاکھ گھر،ایک کروڑ نوکری اور آئی ایم ایف نہیں جائوں گا کے اعلان تو اب ممکن نہیں ،دعا ہے کہ یہ آخری خطاب ثابت ہو تاکہ مسلسل ذہنی اذیت مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات مل سکے۔