آبی معاملات پر پاک بھارت مذاکرات یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہوں گے


اسلام آباد(صباح نیوز) پاک بھارت آبی تنازعات پر مذاکرات کیلئے 10 رکنی بھارتی آبی ماہرین کا وفد کل واہگہ کے راستہ لاہور پہنچے گا اور آبی تنازعات پر مذاکرات یکم مارچ کو اسلام آباد میں شروع ہوں گے۔

بھارتی وفد کی قیادت پی کے سکسینہ کریں گے جبکہ پاکستان کی نمائندگی مہر علی شاہ کمشنر انڈس واٹر کمیشن کریں گے، پاکستان کی جانب سے بھارتی آبی منصوبوں پر اعتراضات کے بعد یہ پہلا اجلاس ہوگا۔

اس حوالے سے مہر علی شاہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان کو دریا چناب پر 624 میگاواٹ کیرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مقبوضہ کشمیر میں دریا پونچھ پر 15 میگاواٹ کے مانڈی جبکہ دریا سندھ پر 24 میگاواٹ کے نیموں چلنگ کے ڈیزائن پر بھی اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دریا سندھ پر ہی 19 میگاواٹ کے ٹربوک شیوک اور 25 میگاواٹ کے ہنڈررمان کے ڈیزائن پر بھی اعتراض اٹھائے گا۔مہرعلی شاہ نے بتایا کہ دریا سندھ پر ہی ساڑھے 18 میگاوٹ کے سانکو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور 19 میگاواٹ کے مینگڑم سانگرا پر بھی اعتراض اٹھائے جانے والے اعتراضات پر بات ہوگی۔