اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرین کے وزیر خارجہ دمترو کولیبا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے یوکرین کے وزیر خارجہ کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارت کاری کی ناگزیریت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان نے دورہ ماسکو میں روس اور یوکرین صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا
۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم نے سفارت کاری کو تنازعات کے حل کے لیے بہترین لائحہ عمل قرار دیا، تنازعات میں شدت کسی کے مفاد میں نہیں ہے، ترقی پذیر ممالک تنازعات سے معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوتے ہیں، پاکستان تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے یوکرینی ہم منصب کے ساتھ پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ انخلا کے عمل میں یوکرینی حکام کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔
یوکرینی وزیر خارجہ دمترو کولیبا نے زور دیا کہ پاکستانی طلبا کی سلامتی کی ضمانت اسی میں ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو یوکرین کے خلاف جنگ روکنے پر مجبور کیا جائے۔دونوں وزرائے خارجہ میں موجودہ صورتِ حال کے حوالے سے رابطے میں رہنے پر اتفاق ہوا۔