27 فروری ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے،شہباز شریف


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے دفاع وطن کے لئے افواج پاکستان کو خراج تحسین  پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش لیکن قابل فخر دن ہے۔ آج کے دن پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم سے جو ٹکرائے گا، پاش پاش ہوجائے گا۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے اتوارکے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی طیارے مارگرانے اور پیشہ وارانہ قابلیت کا لوہا منوانے والے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قوم بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جس کے اپنے آہنی ولولے، جذبے اوربے مثال اتحادسے اس دن کو تاریخ کا سنہرا دن بنادیا

۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھا، ہے اور رہے گا۔ آج کا دن ہمارے لئے سبق ہے کہ ہم اپنی پوری تیاری رکھیں،مضبوط معیشت، دفاع اور قومی یک جہتی ہمارے دفاعی حصار ہیں۔