گھوٹکی(صباح نیوز) وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ سندھ کے لوگ تبدیلی کے سفر پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔
سندھ حقوق مارچ کے آغاز پر سندھ پنجاب سرحد کموں شہید میں خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سندھ کے عوام15 سال سے پس رہے ہیں، سندھ کے عوام کہہ رہے ہیں کہ ہمارے حقوق کا حساب دو۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں نے غریب عوام کا استحصال کیاہے، یہ لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں اور بلاول زرداری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کے حقوق کا حساب دو۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ سندھ میں تحریک انصاف کو موقع ملے، قافلہ 6 مارچ کوعمران خان کا پیغام لیکر کراچی پہنچے گا۔یہی وجہ ہے کہ سندھ کے باسی وزیراعظم عمران خان کے استقبال کیلئے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سندھ حقوق مارچ کا آغاز ہوگیا ہے ، مارچ کو خوش آمدید کہنے کے لئے شہر بھر میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں، کارکنان میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے اور کارکنان پارٹی ترانوں پر والہانہ رقص کررہے ہیںسندھ حقوق مارچ کا آغاز سندھ پنجاب سرحد کموں شہید سے ہوا، وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے مارچ کا آغاز کیا۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اوباڑو میں پی ٹی آئی رہنما عبدالرحمان چاچڑ کے انتقال پر تعزیت کی۔وفاقی وزیر علی زیدی اور سینئر رہنما مبین جتوئی انصاف ہاوس سکھر سے ریلی میں شریک ہونگے۔مارچ کے شرکا کا پہلا پڑاو سکھر انصاف ہاوس ہوگا، جہاں ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، جلسے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی قیادت خطاب کرے گی، جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں۔