بھارت سے جیت نے ہمارے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا۔سابق کپتان حفیظ


ابوظہبی (صباح نیوز)پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان حفیظ  نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم بھرپور فارم کے باعث اس قدر پراعتماد ہے کہ اسے سیمی فائنل میں کسی بھی مدمقابل سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

حفیظ نے کہا کہ پاکستان ناک آٹ مرحلے میں کسی بھی مخالف کے لیے تیار ہے۔41  سالہ حفیظ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں فتح سے پاکستانی ٹیم کو اعتماد حاصل کرنے میں مدد ملی۔کسی بھی ٹورنامنٹ میں جب آپ پہلا میچ جیتتے ہیں تو یہ آپ کو اعتماد دیتا ہے لہذا جب ہم نے بھارت کو ہرایا تو اس جیت نے ہمارے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا۔میں بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے بہت سے میچوں کا حصہ رہا ہوں اور ان تمام شکستوں کے بعد ہمیں نتائج بھگتنے پڑے لیکن ہم ہمیشہ مضبوط واپسی کرتے رہے۔ اس بار ہم جیت گئے اور اس ٹیم کا حصہ بننا جس نے بھارت کو شکست دی، بہت اہم تھا۔

انہوں نے  کہا کہ  سچ پوچھیں تو جب کرکٹ میچ کی بات آتی ہے تو ہم یہ نہیں سوچتے کہ ہم کس کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں۔جو بھی ہمارے مدمقابل آتا ہے ہم اس کے لیے تیار ہیں کیونکہ ہم بہت پراعتماد ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: لیکن پہلے ہمارا سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ ہے لہذا ہمیں اسے اسی جذبے اور اعتماد کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ ہمارا مقصد ملک کے لیے کپ جیتنا ہے اور ہم اس کے قریب ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے قبل انہوں نے مشکل حالات کا سامنا کیا ہے۔ہم ویسٹ انڈیز میں موسم کی خرابی وجہ سے پانچ میں سے صرف ایک میچ کھیل پائے تھے، پھر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے پاکستان میں شیڈول دورے منسوخ کر دیے۔اس لیے ہم اس محاذ پر پست حوصلے کے ساتھ آئے تھے لیکن پوری ٹیم اور انتظامیہ نے اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔