عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 15، 20 ڈالر نہ بڑھی تو اضافہ نہیں ہو گا،مزمل اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان وزیر خزانہ مزمل اسلم نے کہاہے کہ تمام ٹیکسز لگ جاتے تو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 200 روپے سے زائد ہوتی ، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں، گیس کی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور اب میرے گھر  پر سوئی گیس معمول کے مطابق آ رہی ہے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 166 فیصد اضافہ ہوا ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 15، 20 ڈالر نہ بڑھی تو پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ماضی کے مقابلے میں پیٹرول پر کم ٹیکس لے رہے ہیں، تمام ٹیکسز لگ جاتے تو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 200 روپے سے زائد ہوتی۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں، دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح کم سے کم بوجھ عوام پر منتقل ہو۔گیس بحران سے متعلق سوال پر ترجمان وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گیس کی سپلائی کافی بہتر ہو چکی ہے، میرے گھر پر سوئی گیس معمول کے مطابق آرہی ہے۔