سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیرمیں بھاری برف باری کے نتیجے میں سرینگر کا بیرون دنیا سے فضائی و زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ ٹرین سروس بھی معطل رہی۔
ائر پورٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے سرینگر ہوائی اڈے سے بھاری برفباری کی وجہ سے کوئی بھی پرواز اڑان نہیں بھر سکی اور مجموعی طور پر41پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ایئرپورٹ اتھارٹی ڈائریکٹر کلدیب سنگھ نے بتایا کہ دن بھر ہوائی اڈہ سے فلائٹ آپریشن معطل رہا۔رن وے پر بھاری برف باری اور حد نگاہ کم ہونے کے نتیجے میں نہ کسی پرواز نے اڑان بھر ی اور نہ کوئی پرواز اْتر سکی ، اس طرح 41پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
کلدیب سنگھ نے مزید بتایا کہ صبح ہی رن وے سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا، البتہ خراب موسم اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے کوئی بھی پرواز اْڑان نہیں بھر سکی۔
انہوں نے کہا کہ جو پروازیں منسوخ ہوئیں انکے مسافروں کو اگلی پروازوں کے ذریعہ روانہ کیا جائیگا۔ادھر بانہال اور بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بھی معطل کردی گئیں۔ کشمیر میں تعینات شمالی ریلویز کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بھاری برف باری کی وجہ سے ٹرین سروس کو معطل رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ برف باری کا سلسلہ رکنے اور ریل پٹریوں پر برف ہٹانے کے بعد ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا۔ادھر سرینگر جموں شاہراہ بھی ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند ہوئی۔
شاہراہ آج بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ دوران شب پنتھیال، ماروگ،کیفٹیریا موڈ اور روم پڑی کے 4مقامات پر پسیاں گر آئیں جنہیں ہٹانے کا کام شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سہ پہر تک کیفٹیریا موڈ اور روم پڑی پر گر آئی پسیوں کو ہٹایا گیا جس کی وجہ سے ڈگڈول اور بانہال کے درمیان درماندہ سینکڑوں گاڑیوں کو سرینگر کی جانب چھوڑ دیا گیا۔تاہم کیفٹریا موڑ اور ماروگ کے مقامات پر پسیوں کو ہٹیا نہیں جاسکا اور شام تک دونوں مقامات پر آمد و رفت بند رہی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قریب 1000سے زائد مال بردار گاڑیاں در ماندہ ہیں اور پسیوں کو ہٹانے کے بعد ہی گاڑیوں کو وادی کی طرف چھوڑ دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو بھی سرینگر سے جموں ، یا جموں سے سرینگر کیلئے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔