پاکستان کو فلاحی مملکت بنانا ہے تو پھر حکومت کو پی اوبی جیسے مثالی ادارے بناکر خدمت کرنی ہوگی،محمد حسین محنتی


کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آنکھیں اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہیں، بینائی سے محروم ومتاثر ہونا انسانی زندگی کو محدود کردیتا ہے، پیما کے تحت قائم پی اوبی ہسپتال میں ایک ہی چھت کے نیچے تمام امراض چشم کا تسلی بخش وبلامعاوضہ علاج بہت بڑا کارنامہ اورقابل تحسین اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان جوہر کراچی میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے تحت قائم امراض چشم کے ہسپتال پی اوبی کے دورے کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم وصحت کے شعبہ کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے دنیا کی کوئی بھی تہذیب وملک ترقی نہیں کرسکتا ۔علاجہ معالجہ کی سہولیات عوام کو دینے کا اصل کام حکومتوں کی ذمہ داری ہوتا ہے جس میں ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ کتنے دکھ وافسوس کی بات ہے کہ اربوں روپے کا بجٹ ہونے کے باوجود آنکھوں کے سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر ،ادویات،سہولیات اور نہ ہی انسانی ہمدردی کا ماحول ہوتا ہے، پاکستان کو فلاحی مملکت بنانا ہے تو پھر حکومت کو پی اوبی جیسے مثالی ادارے بناکر خدمت کرنی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنکھوں کے مرض کا علاج اور لوگوں کو نابین ہونے سے بچانے کیلئے پیما کا پی اوبی ہسپتال،میڈیکل سینٹر اور ملک بھر میں کیمپ لگاکر لوگوں کی خدمت سرانجام دینا بہت بڑا کام ہے۔ امراض چشم کا مہنگا اوربلامعاوضہ علاج نعمت خداوندی ہے۔منتظمین کے مطابق ایک سال کے دوران ڈیڈ ھ لاکھ افراد کا علاج کیا گیا جبکہ مریضوں کو عزت ووقار کے ساتھ خوش آمدید وتمام سہولتیں بہم پہنچائی جاتی ہیں اور مریض مطمئن ہوکر واپس جاتا ہے ، اس موقع پر ڈاکٹر ذکی،ڈاکٹر رائو نعیم ، شارق جعفری اورمجاہدچنابھی موجود تھے۔