دنیا افغانستان کی اسلامی حکومت کو تسلیم اور بھوک وافلاس کے خاتمے کیلئے ان کی مالی مدد کی جائے، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان کی اسلامی حکومت کو تسلیم اور بھوک وافلاس کے خاتمے کیلئے ان کی مالی مدد کی جائے، بھارت میں حجاب پر پابندی اور مسلمانوں پر مظالم اسلاموفوبیا اور بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے، دینی مدارس اسلام کے قلعے اور سالمیت پاکستان کی ضمانت ہیں، ان کیخلاف کوئی بھی سازش قبول نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں منتظم جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیر علی شاہد اورافغان امورکے ماہرمولانا سلیم اللہ ترک کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، ممتاز حسین سہتو، مجاہد چنا جبکہ منتظم صوبہ مولانافرید احمد، اسرار احمد بھی ساتھ موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ افغان عوام نے ایمان کی طاقت سے اپنے ملک کا دفاع کرکے امریکی قیادت اور جارح نیٹو فوجی لشکر کو تاریخی شکست سے دوچار کیا ، طالبان کی افغانستان اسلامی حکومت نے مثالی امن قائم کیا ہے ،افغانستان میں استحکام اور امن کیلئے طالبان کی اسلامی حکومت کو تسلیم اور بھوک وافلاس سمیت بحران سے نکالنے کیلئے انسانی ہمدردی کے ناتے افغان عوام کی مدد کی جائے۔افغانستان کا پیسہ افغان عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ ہونا چاہئے۔امریکہ نے افغانستان کے اکاونٹ منجمد کرکے ظلم کیا ۔

جمعیت طلبہ عربیہ کے وفد نے امیر صوبہ کو بتایا کہ طلبہ عربیہ کا سالانہ اجتماع5تا7مارچ کو لاہور میں منعقد کیا جارہا ہے ،دعوتی وتنظیمی اورتعلیمی امور کے ساتھ اسلام آباد میں تحقیق وتصنیف کا شعبہ بھی قائم ہے جہاں پر طلبہ کی صلاحیتوں کی مزید نشونما اورمکمل رہنمائی کی جاتی ہے۔ طلبہ عربیہ تعلیم کے ساتھ دعوتی ونظریاتی محاذ پر بھی سرگرم اور اقامت دین کیلئے تحریک اسلامی کا ہر اول دستہ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔