معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، بیگم ثمینہ علوی


کراچی(صباح نیوز)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے معاشرے کے تمام طبقات سے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا ہیتاکہ انہیں معاشرے کے ایک مفید رکن کے طور پر مثبت کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں این او ڈبلیوپی ڈی پی ڈی کے زیر اہتمام وہیل چیئرز اور چیک تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت معذور افراد کو تربیت کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کے لیے ہرممکن کوششیں کر رہی ہے تاکہ انہیں ملازمت حاصل کرنے میں مدد مل سکے اور انہیں آسانی سے نقل و حرکت میں مدد کے ساتھ ساتھ ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔این او ڈبلیوپی ڈی پی کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این او ڈبلیوپی ڈی پی کی ٹیم معذورافراد کے لیے بہت اچھا کام کر رہی ہے کیونکہ ان خصوصی افراد کو معذوری کی وجہ سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مدد کی ضرورت ہے۔

خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کرن ہسپتال اور آئی بی اے کیمپس کے اپنے حالیہ دوروں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ وہ اپنی ملک گیر بریسٹ کینسرآگاہی مہم میں عوام میں بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے طلبا پر بھی زور دیا کہ وہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنا متحرک کردار ادا کریں۔خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ اگرچہ معذورافرادکو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے لیکن انہیں خود انحصار بنانا زیادہ ضروری ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کی معذورافردکی فلاح و بہبود اور چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ معذورافردکے مسائل اور چیلنجز کا ادراک کریں اور ان کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سندھ ڈاکٹر عدنان مجید نے کہا کہ معذورافرادکی مالی امداد کی مد میں اس سال اب تک 57 ملین روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے معذور افرادکی مدد کے لیے پاکستان بیت المال کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔بعد ازاں خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے پر معذور افراد میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے اور اس موقع پر بعض معذور افراد سے بات چیت بھی کی۔قبل ازیں خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی اور حاضرین کو بریفنگ کے لیے این او ڈبلیو پی ڈی پی کی فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔