مہنگائی کے سونامی نے عوام کا جینا مشکل بنادیا ، محمد حسین محنتی


میرپورخاص(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی دعووں کے برعکس مہنگائی کے سونامی نے عوام کا جینا مشکل بنادیا ہے، پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمتوں میں چھ روپے سے زائد تک اضافے کی نوید نے عوام کی نیندیںحرام کردیں ہیں۔

جماعت اسلامی مہنگائی وسودی نظام کیخلاف 04مارچ کو سکھر میں سراج الحق کی قیادت میں دھرنے کے بعد میرپورخاص سمیت سندھ بھر میں احتجاجی دھرنے دے گی،کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص میں اجلاس سے خطاب کے دوران کیا جس میں مقامی نظم ومجلس شوریٰ کے ارکان بھی شریک تھے۔ اجلاس میں دعوتی وتنظیمی امور اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، امیر شہر حاجی نورالٰہی مغل،قیم رفیق چوہان،شکیل احمد فہیم اور سیاسی کمیٹی کے انچارج عاصم شیخ بھی موجود تھے۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی بدترین حکمرانی مسلسل پندرہ سالوں سے رائج ہے ،کراچی سمیت شہروں میں اسٹریٹ کرائم کا راج جبکہ اندرون سندھ وڈیراراج نافذ ہے جس کی وجہ سے کسی کی عزت اور نہ جان محفوظ ہے، قاضی احمد واقعے میں زرداری قبیلے کی جانب سے بھنڈ قبیلے کی خون سے ہولی کھیلی گئی، لواحقین اپنے پیاروں کی لاشوں کے ساتھ مسلسل چاردن تک قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر بیٹھے رہے لیکن ایف آئی آر درج ہونے کے بعد تاحال قاتلوں کی عدم گرفتاری جنگل راج کی عکاسی کررہا ہے،

جماعت اسلامی سندھ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ اور ظلم کیخلاف آواز بلند کرتی رہی ہے، جو حکمران عوام کی جان، مال اور عزت آبرو کی حفاظت نہیں کرسکتے انہیں اقتدار میں رہنے کا مزید کوئی جواز نہیں ہے۔ کراچی میں دن دیہاڑے نامور صحافی اطہر متین کا قتل سندھ پولیس اور حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے سابق امیر امجد اقبال ، سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید شیخ سے ان کے والد اور صحافی فلک شیر کے گھر جاکر ان کی والدہ ماجدہ کی وفات پراظہار تعزیت ، مرحومین کی مغفرت ،درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔