بدقسمتی سے وزیراعظم جھوٹا اور نکما، عمران نیازی کو گھر جانا ہوگا، حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میںقائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے ظلم کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، بدقسمتی سے ملک کا وزیراعظم جھوٹا اور نکما ہے، اب عوام کی عدالت میں حساب ہوگا، انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، پٹرول کی قیمت میں اتنا اضافہ کوئی سنگدل ہی کرسکتا ہے۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی نے ظلم کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، وہ انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، نواز شریف 100 سے زائد پیشیاں بھگت چکے، کھودا پہاڑ اور چیونٹی بھی نہیں نکلی، نورتن کہتے ہیں یہ سب سے مشہور وزیراعظم ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ایسا ظالم شخص نہیں دیکھا، قوم کا ایک ہی نعرہ ہے، عمران نیازی سے جان چھڑائی جائے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وزرا کہتے ہیں مہنگائی کم ہوگئی ہے، دنیا میں مہنگائی ہے مگر وہاں گروتھ ریٹ بڑھ رہا ہے لوگوں کی آمدن میں اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم کے اردگرد بیٹھے معاشی آئن سٹائن ملک کیساتھ ظلم کر رہے ہیں، آج لوگ عمران نیازی کے نام کو کوستے ہیں، سیاسی جماعتوں سے رابطے ہیں، عمران نیازی کو گھر جانا ہوگا۔