ہماری بہادر مزاحمتی قوتوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ،ترجمان ابوعبیدہ

غزہ (صباح نیوز) القسام کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک اہم بیان میں واضح کیا کہ غزہ کے شمال میں جاری دشمن کے وحشیانہ حملے اور تباہی کی کوششوں کو 100دن سے زائد گزر چکے ہیں، مگر ہماری بہادر مزاحمتی قوتوں نے نہ صرف دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا ہے بلکہ اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ابو عبیدہ کے مطابق، گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران القسام کے مجاہدین نے دشمن کی صفوں میں 10سے زائد ہلاکتیں اور درجنوں زخمیوں کا اضافہ کیا۔

دشمن کی جانب سے اپنے نقصان کو چھپانے کی تمام کوششیں بے سود ہیں، کیونکہ میدانِ جنگ میں حقائق کچھ اور کہانی سناتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ حالیہ کارروائیوں میں القسام کے مجاہدین نے ایک کامیاب حملہ کیا، جس میں دشمن کے ایک فوجی گروپ کو شمالی غزہ میں اینٹی ٹینک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ عبرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں 5صیہونی فوجی ہلاک اور 11زخمی ہوئے، جو دشمن کے لیے ایک اور بڑی ناکامی ہے۔مزاحمت کی طاقت کبھی ختم نہیں ہوگی۔

ابو عبیدہ نے زور دیا کہ صیہونی قابض افواج کو غزہ کے شمال سے شرمندگی اور ناکامی کے ساتھ پیچھے ہٹنا پڑے گا، کیونکہ وہ مزاحمت کی قوت کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی واحد ”کامیابی” معصوم شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم، تباہی، اور بے گناہ جانوں کے ضیاع میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نتیجہ واضح ہے دشمن ناکام اور مزاحمت کامیاب!شمالی غزہ میں جاری ظلم و بربریت کا خاتمہ قریب ہے اور مزاحمت کا پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔دشمن کو سبق سکھانے کے لیے مزاحمت کا ہر سپاہی پرعزم ہے۔