دسمبر میں 3.1 ارب تک ترسیلات بڑھا کر بیرون ملک پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کی رقوم نہ بھجوانے کی کال مسترد کردی، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور پارلیمانی ٹاسک فورس کے چئیرمین بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں بڑا اضافہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کی ایک اور گواہی ہے جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں نے پاکستانی معیشت کی بہتری میں اپنا بڑا حصہ ڈالا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 کے مہینے میں 3.1 ارب ڈالر بھجوا کر پی ٹی آئی کی ترسیلات زر نہ بھجوانے کے اعلان کو مسترد کردیا ہے۔ 

سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر اپنے بیان میں جہلم سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہاکہ دسمبر 2024 میں بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی رقوم دسمبر 2023 کے کے مقابلے میں 29.3 فی صد اور نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فی صد زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں ترسیلات زر میں 32.8 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران یہ رقوم 17.8 ارب ڈالر تھیں جبکہ جولائی تا دسمبر 2023  میں 13.4 ارب ڈالر تھیں۔