پاکستان کے محمد آصف نے سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی، صدر وزیراعظم کی محمد آصف کو چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد

کولمبو،اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان کے محمد آصف نے سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔کولمبو میں ہونے والی سارک اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں محمد آصف نے سری لنکا کے طحہ اشارتھ کو شکست دی۔ورلڈ چیمپئن محمد آصف نے فیصلہ کن میچ بغیر کوئی فریم ڈراپ کیے جیتا۔دوسری جانب صدرمملکت آصف علی زرداری  اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے محمد آصف کو تیسری سارک اسنوکرچیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی۔

صدر مملکت نے کہاکہ محمد آصف نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا اوراسنوکر کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی پاکستانی اسنوکر کھلاڑی محمد آصف کو تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے ،وزیراعظم نے کہاکہ محمد آصف نے اسنوکر کی ایک اہم چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ، پوری قوم کو ان  پر فخر ہے، وزیراعظم نے محمد آصف کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔