وزیراعظم کی پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی روانگی پر عوام کو مبارکباد

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ہوگی۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی براہ راست پروازوں سے مستفید ہو سکیں گے، پروازوں کی بندش سے قومی ایئر لائن کو اربوں ڈالر کا نقصان اور اس کی ساکھ متاثر ہوئی، اللہ کے فضل و کرم سے حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یورپ پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے ترقی کی جانب گامزن ہے،اس حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر ہوابازی و وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، متعلقہ تمام ادارے، ان کے افسران و اہلکار تحسین کے لائق ہیں۔