فیصل آباد( صباح نیوز ) اطلاعات ونشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ کمزور طبقے کوگھربنانے کے لئے 27 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان پہلے حکمران ہیں جن کے دل میں عوام کا درد ہے۔ غریب عوام کا شناختی کارڈ اب ہیلتھ کارڈ بن گیا ہے۔ صحت انصاف کارڈ سے صحت سے متعلق تمام بیماریوں کا علاج کرایا جاسکتا ہے۔ ماضی میں کیسے حکمران آئے جو جانتے تھے یہ کام ہو سکتا ہے لیکن نہیں کیا۔ 30سال حکومت کرنے والوں کو صحت کارڈ کا خیال کیوں نہیں آیا۔ یہ تو اپنی کھانسی کا علاج بھی لندن کرانے چلے جاتے تھے۔
فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ عمران خان نے ایک نہیں 3 کینسر کے ہسپتال بنائے۔ غریب عوام کا صرف عمران خان نے سوچا وہ جب فیصلہ کرتے ہیں تو ان کی نیت صاف ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کے دوران وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو سراہا گیا۔ موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے بیشتر ڈیمز بنانے کا فیصلہ کیا ہے ڈیمز کی تعمیر کے بعد عوام کو سستی بجلی فراہم کی جاسکے گی ۔