غزہ(صباح نیوز) اسرائیلی فوج کے حملوں میںغزہ میں گزشتہ 3 دن میں 200 فلسطینی شہید ہو گئے ۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رفح اور بریج میں فضائی حملے کیے جن میں 7 فلسطینی شہید ہوئے۔
غزہ کے شمال میں الشیخ رضوان پول کے قریب ایک عمارت پر اسرائیلی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔بے گھر فلسطینی خون جماتی ٹھنڈ میں خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، ہائپوتھرمیا کے باعث اب تک 8 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں
2024 میں غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں815 مساجد مکمل طور پرمسمار کر دیا گیا۔فلسطینی وزارت برائے بنیاد و مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 2024 میں غزہ میں 815 مساجد کو مکمل طور پر شہید کر دیا اور 151 مساجد کو جزوی طور پر نقصان پہنچایا۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں 19 قبرستانوں اور 3 گرجا گھروں کو مکمل طور پر زمین بوس کر دیا ہے۔بیان میں 2024 کے دوران مقبوضہ مشرقی القدس میں مسجد الاقصی پر حملوں کے بارے میں بھی معلومات دی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے اسرائیلی فوجیوں اور اسرائیلی شہریوں نے 2024 میں مسجد اقصی پر 256 بار دھاوا بولا اور اس دوران 2567 اسرائیلی شہریوں کے شریک ہونے والی مذہبی رسومات کا انعقاد کیا ۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتامار بن گویر نے غزہ پر حملوں کے آغاز کے بعد سے ابتک مسجد الاقصی کی 7 بار بے حرمتی کی۔بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر ہیبرون میں واقع حرم ابراہیمی مسجد میں اسرائیلی قوتوں نے کم از کم 674 مرتبہ اذان دینے سے روکا اور 2024 کے دوران 10 بار مسجد کو قفل ڈالا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے 2024 گزشتہ سال مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 20 مساجد پر حملے کیے۔