حکومت میں شامل کچھ لوگ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،فیصل چوہدری


راولپنڈی(صباح نیوز) بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری  نے کہا ہے کہ جب مذاکرات کا سلسلہ چل پڑا ہے تو رکاوٹیں کھڑی کرنے کا کیا مقصد ہے؟، حکومت میں شامل کچھ لوگ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے علاوہ کسی کو تاحال بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

فیصل چوہدری  نے کہا  کہ تمام رہنمائوں کو ابھی جیل میں داخلے سے روکا گیا ہے، کمیٹی کی ملاقات جب طے ہے تو انہیں روکنا تذلیل ہے، مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو ملاقات سے روکنے پر ہم احتجاج کرتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ حکومت میں شامل کچھ لوگ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، مریم نواز گروپ مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کے باعزت لوگ ہیں انہیں روکنا ان کی توہین ہے۔