لاہور(صباح نیوز)پروفیسر حافظ محمد سعید کے برادر نسبتی ممتاز مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالرحمان مکی کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مریدکے کے مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی،ان کی نماز جنازہ ان کے بھانجے نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ حافظ طلحہ سعید نے پڑھائی،
نماز جنازہ میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، جنرل سیکرٹری پروفسیر سیف اللہ قصوری، پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی،چیئرمین قرآن وسنہ موومنٹ علامہ ابتسام الہی ظہیر، مولانا ناصر مدنی، زعیم الدین لکھوی، مولانا منظور احمد، چیئرمین رابطہ علما ومشائخ محمد یعقوب شیخ، حافظ خالد ولید،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنما حافظ عبدالروف، حارث ڈار، چوہدری شفیق الرحمان،محمد سرور چوہدری، فیصل ندیم،الشیخ عارف اللہ،مزمل اقبال ہاشمی، تابش قیوم سمیت ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سیاسی ومذہبی شخصیات، جید علما اکرام، طلبا سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی،نماز جنازہ کیلئے ملک بھر سے ہزاروں افراد کی آمد کے پیش نظرانتظامیہ کی طرف سے نماز جنازہ کیلئے خصوصی اقدامات کئے گے، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے،حافظ طلحہ سعید نماز جنازہ پڑھاتے ہوئے آبدیدہ ہو گے،جبکہ نماز جنازہ کے شرکا بھی آبدیدہ نظر آئے،
پروفیسر عبدالرحمان مکی گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے اور لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔پروفیسر عبدالرحمان مکی حافظ محمد سعید کے برادر نسبتی تھے،آپ کے والد گرامی پروفیسر حافط عبداللہ بہاولپوری قائداعظم محمد علی جناح کے بااعتماد ساتھی اور آل انڈیا مسلم لیگ کے سٹوڈنٹ رہنما رہے، حافظ عبدالرحمان مکی ام القری یونیورسٹی مکہ مکرمہ سے فارغ التحصیل تھے،عربی اور انگریزی زبان پر عبور حاصل تھا، حافظ عبدالرحمان مکی وطن عزیز پاکستان میں مذہبی انتہاپسندی، فتنہ خوارج کے خلاف اور مظلوم کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کے حق میں مضبوط آواز تھے۔مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ہندوستان کے دبا کی وجہ سے حافظ عبدالرحمان مکی کو عالمی پابندیوں کا بھی سامنا رہا، وہ پاکستان میں چلنے والی مختلف تحریکوں جس میں تحریک ختم نبوت، دفاع پاکستان کونسل، تحریک حرمت رسولۖ اور تحریک آزادی کشمیرکے مرکزی رہنما رہے۔