اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت جاری مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ٹائم فریم مقرر کرنے کے مطالبے کو قبول کرے گی۔
ایک نجی ٹی وی کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے ایسے مطالبے کو قبول کرے گی۔سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی بات چیت کے حوالے سے ٹائم فریم رکھنا چاہتی ہے تو وہ رکھے لیکن پھر ملاقاتیں اسی ٹائم فریم کے مطابق ایک مقررہ وقت میں ہوں گی۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ پی ٹی آئی کے سارے ہی مطالبات کو مانا جائے یا اسی طرح وہ ہماری تمام باتوں پر آمادہ ہوں، اس لیے مطالبات اور نقات پر غور کرنے اور ایک مشترکہ نتیجہ حاصل کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت نے پی ٹی آئی پر مذاکرات کے لیے کسی قسم کا دبا ونہیں ڈالا۔انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے ایسی کوئی بات نہیں کی گئی کہ مذاکرات فوری یا روزانہ کی بنیاد پر ہوں لیکن اگر پی ٹی آئی جلد کسی نتیجے پر پہنچنا چاہتی ہے تو ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے، انہیں جو کہنا ہے وہ کہہ سکتے ہیں اور ہم اپنا مقف ان کے سامنے رکھیں گے۔