اسلام آباد (صباح نیوز) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 148واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا ۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا۔ جس میں قائد اعظم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔بابائے قوم کے یوم پیدائش پر عام تعطیل رہی جبکہ تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ۔قائداعظم کے یوم پیدائش پر دن کا آغاز وفاق اور صوبائی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا،بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔اس سے قبل، پاک فضائیہ کے جوان مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، صوبائی کابینہ کے ارکان، عسکری و سول حکام سمیت اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔مزار قائد پر حاضری کے موقع پر گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے۔بابائے قوم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات ،کانفرنسز اور سیمینار ز منعقد کئے گئے ،بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ،بابائے قوم کے خیالات ، نظریات، پیغام اور تصور کو سیمینارز، کانفرنسز اور مذاکروں میں اجاگر کیاگیا ۔