غزہ (صباح نیوز) القسام بریگیڈز نے مختلف کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا ہے ۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، بیت حانون میں پیش آنے والے واقعہ میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ ہلاک شدہ فوجیوں کی لاشوں کو نکالنے کا عمل انتہائی پیچیدہ ثابت ہوا، کیونکہ ایک اور بم دھماکہ اس ٹیم پر کیا گیا جو فوجیوں کو بچانے کے لیے پہنچی تھی۔
اس حملے میں ایک اور اسرائیلی فوجی زخمی ہوا ہے جس کی حالت درمیانے درجے کی بتائی گئی ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب القسام بریگیڈز گزشتہ کئی دنوں سے قابض اسرائیلی افواج کے خلاف مختلف کارروائیوں میں مصروف ہیں، جن میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ، ان کارروائیوں نے قابض فوج کے حوصلے پست کر دیئے ہیں اور فلسطینی مزاحمت کی قوت کا واضح ثبوت دیا ہے۔