اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیربرائے اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے بین المذاہب ہم آہنگی کے اقدامات کو مزید فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پیشہ وارانہ امور میں مسیحی برادری اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور اس نے قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔
کرسمس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس حلقے سے میں نے الیکشن لڑا وہاں 70 ہزار میسحی بہن بھائیوں کی نمائندگی کرتا ہوں،انتخابی مہم کے دوران اپنے حلقے کی مسیحی برادری سے بے پناہ پیار اور محبت ملی۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری وزیراعظم کے ترقی کے وژن کو آگے بڑھا رہی ہے، اسی طرح مسیحی برادری نے تحریک پاکستان میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمارے قومی پرچم کے اندر سفید رنگ کی لاج قربانیوں اور گراں قدر خدمات کی شکل میں رکھی ، ہمارے اسی قومی پرچم میں ہارون ولیم کا جسد خاکی بھی لپٹا، یہ قربانیاں لازوال ہیں، ان قربانیوں کی داستان جو مسیحی برادری نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک رقم کی ہے خراج تحسین کے لائق ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بطور وزیراعلی پنجاب بھی مسیحی برادری کے لئے ایڈمنسٹریٹو اور گورننس کے اقدامات کئے، میرٹ پر ہونہار طلبہ کو پانچ فیصد ملازمتوں کا کوٹہ دیا، مسیحی طلبہ کو بھی میرٹ پر لیپ ٹاپ اور سکالر شپس دیں، ہماری نوجوان نسل کو اس قابل کیا کہ وہ بطور ذمہ دار شہری اپنا کردار ادا کر سکیں۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ 2022میں اقلیتوں کے تحفظ کے لئے ٹاسک فورس بنائی گئی تھی جس پر بہت تیزی سے کام آگے بڑھا اور آج بھی جاری ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حکومت پاکستان نے محمد شہباز شریف کی قیادت میں جو اقدامات اٹھائے ان کو مزید فعال کریں اور انہیں آگے لے کر بڑھیں تاکہ ہر پاکستانی ملکی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسیحی برادری نے کھیلوں کے شعبے میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا، تین مسیحی بہنوں سہیل سسٹرز نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 22 میڈلز جیتے، یہ بہت خوشی کی بات ہے، وزیراعظم نے انہیں خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر ہیلن میری رابرٹس پہلی خاتون ہیں جو پاکستان آرمی میں بریگیڈیئر کے رینک پر پروموٹ ہوئیں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تمام پیشہ وارانہ امور میں مسیحی برادری اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی کے لئے اپنا کرداراداکرسکیں۔