اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ویٹیکن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر داخلہ نے سفیر کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے پوپ فرانسس اور مسیحی برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یہاں جاری ہینڈ آئوٹ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال اور وزیرداخلہ محسن نقوی کے دورہ ویٹیکن سٹی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔
وزیرداخلہ نے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے پوپ فرانسس اور مسیحی برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، پوپ فرانسس کی سماجی و معاشی انصاف اور انسانیت کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں، ان کی دنیا میں امن کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ دورہ ویٹیکن سٹی اور پوپ فرانسس سے ملاقات کی شاندار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پوپ فرانسس نے جرت مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے سراہا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ویٹیکن سٹی اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا شاندار موقع ہے، دوطرفہ وفود کے تبادلوں سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔