چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس،آئینی بینچ کو 6 ماہ کیلئے توسیع دیدی

اسلام آباد (صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو 6 ماہ کے لیے توسیع دے دی گئی، جبکہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔آئینی بینچ کی تشکیل برقرار رکھنے کا فیصلہ 6-7کے تناسب سے ہوا،

جسٹس جمال مندوخیل نے تمام سپریم کورٹ ججز کو آئینی بینچ میں شامل کرنے کی تجویز دی، تاہم ووٹنگ میں 7 ممبران نے بینچ برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کچھ رولز میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے نئے ایڈیشنل ججز کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کی شرط نکال دی گئی ہے۔کسی امیدوار کی انٹیلی جنس رپورٹ لینا نہ لینا کمیشن کی صوابدید ہوا کریگا۔

ہائیکورٹ چیف جسٹس کے لیے 3 نام زیر غور آئیں گے۔ ڈرافٹ کے مطابق سینئر جج کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نہ بنانے پر وجوہات بتانا لازمی ہوں گی، سپریم کورٹ میں جج تعیناتی کے لیے ہائیکورٹ سے 5نام آیا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے نئے رولز کے تحت ایڈیشنل ججز کے لیے نامزدگیاں 3 جنوری تک طلب کرلیں، یہ نامزدگیاں متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے ذریعے بھیجی جائیں گی۔ایڈیشنل ججز کے لیے پہلے سے بھیجے گئے نام متفقہ طور پر واپس لے لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق آئینی بینچ کی توسیع کے ایجنڈے پر دوسرا اجلاس شروع ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔