24کروڑ میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس دے گا تو ملک کیسے چلے گا، محمد اورنگزیب

سیالکوٹ (صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں نان فائلر کی نان سینس چل رہی ہے، اس ختم کرنے کے لیے اسمبلی میں بل پیش کررہے ہیں تاکہ غریب پر ٹیکسز کا بوجھ کم کیا جا سکے اور جن لوگوں پر ٹیکس کا بوجھ پڑنا چاہیے ان پر پڑے۔ جمعرات کو سیالکوٹ میں صنعتکاروں سے ملاقات کے بعد خواجہ آصف اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا کہ ملک میں پالیسی ریٹ کم ہوا ہے اور مضبوط معیشت ہی ہماری سیکیورٹی کی ضامن ہے، اس کے لیے حکومت تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کم ہوئی ہے، سب کہتے ہیں کہ ملک میں معاشی استحکام آ گیا ہے اب گروتھ پر کیسے جانا ہے اس کے لیے حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے؟

ایک سوال کے جواب میں وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکسز کی وصولی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک میں نان فائلر کی نان سینس چل رہی ہے اسے ختم کرنے جارہے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جہاں نان فائلر نام کی بھی کوئی اختراح موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24کروڑ میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس دے گا تو ملک کیسے چلے گا، اس کے لیے اسمبلی میں بل لے کر آرہے ہیں تاکہ غریب پرسے ٹیکسوں کا بوجھ اتارسکیں، اس کا مقصد ہی یہی ہے کہ جن لوگوں پر ٹیکسوں کا بوجھ پڑنا چاہیے ان پرپڑے، رجسٹرڈ اورنان رجسٹرڈ ٹیکس پیئرزکا سلسلہ بھی ختم ہو۔