چیف جسٹس جسٹس یحییٰ خان آفریدی کارواں ہفتے کے باقی 3دنوں کے لئے بینچ ڈی لسٹ


اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی کارواں ہفتے کے باقی 3دنوں کے لئے بینچ ڈی لسٹ کردیا گیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاداحمد خان پرمشتمل 2رکنی بینچ کی پورے ہفتے کی کازلسٹ جاری کی گئی تھی تاہم 2دن سماعت کرنے کے بعد ہفتہ کے باقی 3دنوں کے لئے چیف جسٹس کے بینچ کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی ہے۔چیف جسٹس کے بینچ کی غیر موجودگی میں سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ملک شہزاداحمد خان پر مشتمل واحد 3رکنی بینچ بدھ سے جمعہ تک سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک میں کیسز کی سماعت کرے گا۔بینچ بدھ سے جمعہ تک تین روز کے دوران فائنل اور سپلمنٹری کاز لسٹ میں شامل 30کیسز کی سماعت کرے گا۔دوسری جانب آج (بدھ)سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں موسم سرماکی تعطیلات کاآغاز ہورہاہے۔ موسم سرماکی تعطیلات 31دسمبر تک جاری رہیں گی۔

موسم سرماکی تعطیلات کے باعث پہلے ہی کچھ ججز لاہور اور کراچی رجسٹریوں میں کیسز کی سماعت کررہے ہیں۔جبکہ موسم سرماکی تعطیات کے باعث سپریم کورٹ کا آئینی بینچ بھی کیسز کی سماعت نہیں کررہا۔آئینی بینچ جنوری کے پہلے ہفتے میں ججز کی دستیابی پر کیسز کی دوبارہ سماعت شروع کرے گا۔