لاہور(صباح نیوز)لاہور کے گرد و نواح میں صبح سویرے دھند کے باعث موٹرویزکو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے کو دھند اور سموگ کی وجہ سے بندکیا گیا تھا جس کو حد نگاہ میں بہتری کے بعد کھول دیا گیا
،حد نگاہ میں کمی کے باعث موٹروے ایم ٹوکو لاہور سے ہرن مینار تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔موٹروے ایم تھری کو لاہور سے ننکانہ تک بند کیا گیا ۔موٹروے پولیس ترجمان کے مطابق حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹرویز کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا
۔جی ٹی روڈز پربھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔موٹروے پولیس نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ایمرجنسی یا مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ احتیاطی تدابیر عوام کی حفاظت کے پیش نظر ضروری ہیں۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کے دوران تمام ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔