اسلام آباد(صباح نیوز)سینٹر ل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی)نے 422.704 ارب روپے مالیت کے 15 مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے، جن میں سے 17.95 ارب روپے کے 6 منصوبوں کی حتمی منظوری دی گئی جبکہ 404.754 ارب روپیمالیت کے 9 منصوبے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک ) کو بھیج دیئے گئے ہیں۔وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس منصوبہ بندی کے ڈپٹی چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔
اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظر سمرا ، جوائنٹ چیف اکانومسٹ (او پی ایس) ، پلاننگ کمیشن کے اراکین ، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزارتوں کے نمائندوں اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔اجلاس کے ایجنڈے میں صحت ، زراعت ، ماحولیات ، افرادی قوت ، گورننس ، آبی وسائل ، ٹرانسپورٹ اینڈ کیمونیکیشن اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کے محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے اکنامک ٹرانسفارمیشن اینیشیٹو کے 26763.880ملین روپے کے نظر ثانی شدہ منصوبہ کو ایکنک کی منظوری کیلئے بھیج دیاگیا ۔ یہ منصوبہ فارن فنڈنگ سے مکمل کیا جائے گا جس کا مقصد آمدنی میں اضافہ اور غربت میں کمی کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان میں غذائی قلت کے مسائل کا خاتمہ ہے۔ اس منصوبہ کاایک بنیادی مقصد زرعی آمدنی کا فروغ اور کم از کم ایک لاکھ دیہی افراد کو روز گار کی فراہمی ہے ۔
اس اقدام میں 50ہزار ایکڑ زمین کی آبپاشی ، کھیت سیمنڈی تک 400کلومیٹر تک سڑکوں کی تعمیر ، آڑو اور آلو کی ویلیو چین کی بہتری کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مزید زرعی اجناس کی پیداوار کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ منصوبہ پورے گلگت بلتستان کیلئے تیار کیا گیا ہے۔اسی طرح سی ڈی ڈبلیو پی نے سندھ حکومت کا 45792.325ملین روپے مالیت کا سندھ کول ریزیلینس پراجیکٹ (ایس سی آر پی) بھی ایکنک کو منظوری کیلئے بھیج دیا ۔ یہ منصوبہ فارن فنڈنگ کے ذریعے مکمل کیا جائے جس کا مقصد کلائمیٹ ریزیلینس ، معیار زندگی میں بہتری اور سندھ کیساحلی اضلاع بدین ، سجاول اور ٹھٹھہ میں غربت کا خاتمہ ہے ۔منصوبہ میں کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر اینڈ فیشریز کے ذریعے پیداوار کا فروغ اور چھوٹے کاشتکاروں اور ماہی گیروں کیلئے ویلیو چین کی سہولیات سمیت کم آمدنی والے طبقات کے اثاثوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے علاوہ نوجوانوں ، خواتین اور بے زمین کاشتکاروں کے وسائل آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنایا جائیگا۔
مقامی آبادی کی شرکت سے پائیدار معاشی ترقی کے نتائج حاصل ہونگے۔اسی طرح سی ڈی ڈبلیو پی نے گورننس سے مختلف3713.606ملین روپے مالیت کا خیبر پختونخوا ریونیو موبلائیزیشن اینڈ پبلک ریونیو منجمینٹ پروگرام (ٹیکنیکل معاونت ) کے نظر ثانی شدہ منصوبہ کی منظوری دیدی ۔ یہ منصوبہ بھی غیر ملکی فنڈنگ سے مکمل کیا جائیگا ۔ اجلاس کے دوران سی ڈی ڈبلیو پی نے 3110.4ملین روپے مالیت کے وزارت قومی صحت کے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر منصوبہ کی بھی منظوری دی ۔ منصوبہ کے فیز ٹو میں فائیو ایز فریم ورک کے تحت قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہیلتھ کیئر کی خدمات کی فراہمی ہے ۔ منصوبہ کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ منصوبہ کی جلد تکمیل کیلئے انتظامی و تکنیکی مہارتوں کو یقینی بنایا جائے۔