انسانی سمگلنگ اندوہناک جرم، روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں،وزیراعظم


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ اندوہناک جرم ہے، اس گھنائونے فعل کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے  جائیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں، انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو غریب عوام کوجھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔وزیر اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعہ کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دھرائیں، ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔