اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر شام سے وطن واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔
شام سے لبنان کے شہر بیروت پہنچنے والے 318 پاکستانیوں کو ایک خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا گیا۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِاعظم نے ہدایت کی تھی کہ شام میں موجود تمام پاکستانیوں کو جلد اور محفوظ طریقے سے وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
شام سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر لائحہ عمل تشکیل دیا گیا اور تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گئے تاکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔ حکومت نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک معلوماتی ڈیسک اور ہیلپ لائن قائم کی، جو کرائسس مینجمنٹ یونٹ کے ساتھ 24 گھنٹے فعال رہے گی تاکہ عوام کو مکمل رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔احسن اقبال نے اس اہم کامیابی پر این ڈی ایم اے اور پاکستان کے سفارتخانوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستانی حکومت اپنے شہریوں کو مشکل حالات میں کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔ وطن واپسی کے بعد تمام شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ وہ با آسانی اپنے گھروں کو روانہ ہو سکیں۔ احسن اقبال نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام سے پاکستانیوں کی محفوظ واپسی حکومت کی اولین ترجیح تھی اور یہ مشن کامیابی سے مکمل ہوا۔”پاکستانی قوم کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں، اور ہم ہر صورت اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔