کراچی (صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای)نے بلوچستان کے صحافی با یزید خان خروٹی کے خلاف حکومتی عہدیدار کمشنر کوئٹہ کی طرف سے ایف آئی اے کے ذریعے انکوائری شروع کروانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر قدغن قرار دیا ۔سی پی این ای کے عہدیداران نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انکوائری کے لئے جاری کئے گئے نوٹس میں لگائے گئے الزامات صریحاً بد نیتی پر مبنی ہیں ۔ صحافیوں کو فسطائیت کے اس دور میں ایسے بے بنیاد الزامات کا تواتر سے سامنا کرنا پڑتا ہے ،
کردار کشی ، عزت میں کمی ، ساکھ کو نقصان پہنچانا وہ الزامات ہیں جن کا سامنا اس حکومت کے دور میں ہر دوسرے صحافی کو کر نا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ با یزید کا جرم صرف اتنا ہے کہ اس نے مجبور عوام پر روا رکھے گئے ظلم و تشدد کا پردہ چاک کیا ۔ سی پی این ای نے حکومت سے فوری طور پر با یزید کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے کروائی جانے والی انکوائری رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔