کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ انتقام وانتشارکی سیاست میں سب سے زیادہ نقصان ملک وقوم کا ہورہا ہے،گیس کی قیمتوں میں 850 فیصد،بجلی، گھی ،چینی، پام آئل ،سویابین ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کم ہونے کا حکومتی دعویٰ جھوٹا ہے۔پی ڈی ایم 3 حکومت دہشتگردی سمیت مہنگائی کے جن کو قابوکرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔طاقتوروں کا ملک پرمصنوعی قیادت کو مسلط کرکے ،عوام پرمہنگائی کی بمباری اورلڑائوحکومت کرو کا کھیل اب بند ہونا چاہیے۔
دشمن ہمیں لسانیت اورمسلک کی بنیاد پرتقسیم کرکے امت کو تقسیم کرنا چاہتا ہے،ضلع کرم پارہ چنا رمیں بھی یہی کھیل کھینے کی سازش کی گئی جبکہ پوری دنیا میں بہنے والے خون مسلم میں وہ کوئی تفریق نہیں کرتا ان کے نشانے پر صرف کلمہ گو مسلمان ہیں اس سازش کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی جماعت ہے ،ملک میں جمہوریت کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی ،نفرت وگالی کی سیاست کے خاتمے اوراسلامی وخوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسد پلازہ میں شیعہ علماء کونسل کے ضلعی صدر علامہ غلام اصغر جنتی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے سندھ بھر میں 15 دسمبر تک رابطہ عوام کرکے ممبرسازی مہم جاری رکھے ہوئے ۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان ظلم وناانصافیوں کے خلاف ایک توانا آواز اورعوام کی امید بن چکے ہیں۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر اس کی طاقت بنیں۔اس موقع پر سندھ ملکی و عالمی صورتحال سمیت لاڑکانہ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما قاری ابوزبیر جکھرو ، جے ائی یوتھ کے صدر نعمت اللہ سیال اور سوشل میڈیا کے ریاض مشوری جبکہ شیعہ علمائ کونسل کے دیگر ضلعی رہنما رضا علی شاہ،محرم علی،مولانا عبدالوہاب اور ساجد علی جاگیرانی بھی ساتھ موجود تھے۔