اسلام آباد(صباح نیوز) سینیٹ نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم، شام پر بمباری، اقوام متحدہ کارکنوں کی ہلاکت پراسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پرمنظور کرلی ۔قرارداد میں کہاگیاہے کہ پاکستان شام پر اسرائیلی حملے اور بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے۔پاکستان کی سینیٹ فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتی ہے۔وزراء کی پارلیمنٹ میں عدم دلچسپی بڑھ گئی ،قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی وزراء کی عدم حاضری پر اتحادیوں کو اعتراض،
اجلاس ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔سینیٹ کااجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میںہوا۔ اجلاس شروع ہواتو کوئی وزیرایوان میں موجود نہیں تھا جس پر پی پی کے سینیٹرشیری رحمن نے کہاکہ ایوان میں حکومتی وزرا کی عدم موجودگی پر اس طرح تو کارروائی نہیں چلائی جا سکتی ۔۔چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ زیادہ تر سوالات وزیر توانائی سے متعلق ہیں اور وہ وزیراعظم کے ساتھ اجلاس میں مصروف ہیں۔حیرت ہے کہ ایوان میں کسی وزارت کا پارلیمانی سیکرٹری بھی موجود نہیں۔ اگر کوئی ایک بھی وزیر موجود ہو تو وہ دوسرے وزرا کی نمائندگی کر سکتا ہے۔
جس پر سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ بہتر ہو گا کہ سینیٹ اجلاس ختم کر دیا جائے قومی اسمبلی میں بھی آج یہی سب کچھ ہوا اور کوئی حکومتی وزیر موجود نہیں تھا۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ جب میں وزیراعظم تھا تو دونوں ایوانوں کے وقفہ سوالات میں خود موجود ہوتا تھا۔ اگر کوئی متعلقہ وزیر نہ ہوتا تو میں بحیثیت وزیراعظم جواب دیتا۔انہوں نے سینیٹر عرفان صدیقی کو مخاطب کرکے کہاکہ آپ اس وقت حکومتی بینچوں کی نمائندگی کر رہے ہیں آپ ہی بتائیں کہ توجہ دلاو نوٹسز پر کارروائی کیسے آگے بڑھائیں جس پر عرفان صدیقی نے کہاکہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ کوئی بھی وزیر ایوان میں موجود نہیں۔ قواعد کے مطابق ہم توجہ دلاو نوٹسز پر جواب نہیں دے سکتے۔
آپ جو مناسب سمجھتے ہیں فیصلہ کر لیں۔سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ وزیر مذہبی امور آ گئے ہیں لیکن وہ سوالات کے جواب دینے کے لئے تیار نہیں۔فلسطین پر اسرائیلی مظالم، شام پر بمباری، اقوام متحدہ کارکنوں کی ہلاکت اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد سینیٹ میں متفقہ منظورمتفقہ کرلی ۔ قراداد سینیٹر شیری رحمن نے پیش کی قرارداد میںکہاگیاہے کہ اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے شام میں حکومت کے خاتمے کا اسرائیل فائدہ اٹھا رہا ہے ۔اسرائیل غزہ، شام اور مغربی کنارے کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان نہیں پہنچننے دے رہا۔اسرائیل کے ہاتھوں ہرزاروں فلسطینی شہریوں کی شہادت ہوئی۔اسرائیل نے اقوام متحدہ کے کارکنوں کو بھی نہیں بخشا۔اسرائیل اقوام متحدہ کی متعدد قرادادوں کی واضح خلاف ورزی کر رہا ہے۔پاکستان شام پر اسرائیلی حملے اور بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے۔پاکستان کی سینیٹ فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتی ہے۔پاکستان فلسطینی کاز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی گئی۔