حکومت کراچی تا کشمورصوبہ میں قیام امن اورجرائم کے خاتمے میں ناکام ثابت ہوئی ، اسداللہ بھٹو


کراچی((صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سینئررہنما وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کراچی تاکشمور سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صوبہ میں قیام امن اورجرائم کے خاتمے میں ناکام ثابت ہوئی ۔حکومتی غفلت کی وجہ سے عوام دن ہو یارات ڈکیتیوں چوری ،قتل کی وارداتوں اورامن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے لوگ شدید پریشان اورعدم تحفظ کاشکار ہیںایسا لگتا ہے کہ عملی طور پوراصوبہ ڈاکوئوں ورہزنوں کو پٹے پردے دیا گیا ہے ۔جماعت اسلامی سندھ میں موجود ہے اور اپنے نصب العین اور فکر کے ساتھ پوری طرح کام کر رہی ہے۔ موجودہ جبر کے اس ماحول میں ایک سیاسی جماعت کا باقی رہنا اور اس کے کارکنوں کا مسلسل کام کرتے رہنا اس بات کا اظہار ہے کہ جماعت اسلامی زندہ ہے اور سندھ میں اپنی شناخت قائم رکھے ہوئے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احباب فاؤنڈیشن سندھ کے زیر اہتمام اجتماعی ناشتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ممتاز سہتونے حال ہی میں جماعت اسلامی کے وفد کے 9روزہ دورہ ایران کے تاثرات پیش کیے انہوں نے کہا کہ ایران میں امام خمینی امام مودودی اور اقبال لاہوری دونوں کو بہت سراہا جاتا ہے اور ان کی فکر کو فالو کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ایران کے لوگ اپنی سرزمین سے اور اپنے وطن سے بھرپور محبت رکھتے ہیں اور اسرائیل اور امریکہ کی کاروائیوں پر شدید نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی وکراچی کے اطلاعات سیکرٹری مجاہدچنا،سید زاہد عسکری،ممتاز صحافی ابرار اختیار، نعیم طاہرور عطا محمد تبسم کے علاوہ دیگر احباب بھی شریک تھے ۔

فاؤنڈیشن کی جانب سے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عطا محمد تبسم نے کہا کہ فاؤنڈیشن سندھ کے جمعیت کے سابقین کی ایک نمائندہ ہے اور سندھ میں سندھ کے نوجوانوں کو آپس میں متحد رکھنے اور جماعت اسلامی سے تعلق کو بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے اور انشاء اللہ ائندہ بھی ایسے پروگرام کرتے رہیں گے۔#