مطالبات نہ مانے گئے تو عمران خان آئندہ جمعہ سول نافرمانی کی کال دیں گے، علیمہ خان

راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے 2 مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو عمران خان آئندہ جمعہ سول نافرمانی کی کال دیں گے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پچھلے دو اڑھائی سال سے پاکستان ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے، 9 مئی جنہوں نے کرایا

انھوں نے سی سی ٹی وی چوری کی اس میں 16 لوگوں کو اسنائپر سے شہید کیا گیا، لوگوں کو ڈرایا گھروں کو توڑا خواتین کے ساتھ وہ کیا جو پہلے نہیں ہوا، کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ووٹ دیا انھوں نے چوری کیا، لوگ بھیڑ بکریاں بننے سے انکار کریں گے تو ظلم کا نظام ختم ہوجائے گا،علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے دو مطالبے رکھے ہیں، سپریم کورٹ کے ججز کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی جائے، جو 9 مئی اور 26 نومبر سانحات کی تحقیقات کرے۔

انہوں نے کہا کہ جناح ایونیو آپریشن میں 150لوگ لاپتہ ہیں، تمام گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے۔پہلے آپ نے جمہوریت کو ختم کیا، جمہوریت نیشنل اسمبلی، عدلیہ اور میڈیا پر کھڑی ہے، ان تینوں چیزوں کو زمین بوس کردیا گیا اس نظام میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور نہ ہی تحفظ ہوگا آگے کے دن بہت برے ہیں، بجلی گھر انہی لوگوں کے ہیں جو ملک کو کنٹرول کررہے ہیں۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ جمعہ تک مطالبات نہ مانے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کال چلی جائے گی اب مشکلات ہوں گی تو لیکن حکومت نہیں چل سکے گی، پہلے اوورسیز پاکستانیوں سے پیسے نہ بھیجنے کی اپیل کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اربوں ڈالر دیتے ہیں اور ان کو دھمکی دیتے ہیں جب وہ باہر آواز اٹھاتے ہیں تو ان کے پاکستان کے گھروں کو تباہ کردیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو عمران خان آئندہ جمعہ سول نافرمانی کی کال دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے مذاکرات کی پیشکش کی توہماری کمیٹی ان سے بات کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ میرا اعتراض یہ ہے کہ 12 لوگ شہید نہیں ہوئے، لاشیں چھپا دی جائیں تو یہ حقیقت نہیں ہے، بہت سے لوگ لاپتا ہیں، جیلوں میں ان کے والدین پوچھ رہے ہیں، ہم سیاسی طور پر نہیں انسانیت کے طور پر ان کا پیچھا کررہے ہیں، مجھے اس پر غصہ ہے کہ کہیں لوگ لاپتا ہیں، لوگوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت آئے گا تو محسن نقوی ملک سے فرار ہوجائیں گے۔۔