اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان اور ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اپنے بیا ن میں وزیراعظم نے ان آپریشنز میں مطلوب دہشت گرد سمیت 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑی رہی ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں