08 دسمبر کو جماعت اسلامی کی جانب سے شکارپور میں ”سندھو بچاؤ سندھ بچاؤ پیدل مارچ”کیا جائے گا۔کاشف سعید شیخ

ٹھٹہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں بھرپور عوامی احتجاج اور خدشات کے باوجودوفاق کی جانب سے دریائے سندھ پر مزید چھ نئے کینال بنانے کی ضد افسوس ناک اورقومی یکجہتی میں دراڑ ڈالنے کے مترادف ہے، 08 دسمبر کو جماعت اسلامی کی جانب سے شکارپور میں ”سندھو بچاؤ سندھ بچاؤ پیدل مارچ”کیا جائے گا۔

دریائے سندھ 06کروڑ سندھیوں کی جان اور جینے کا سہارا ہے اس کو بچانے کیلئے ہر فورم پر پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جماعت اسلامی سندھ نے 15دسمبر تک ممبرشپ مہم میں توسیع کردی ہے کارکنان گھر گھر پہنچ کر جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام کو عام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ٹھٹہ کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے پانی پر لگنے والے ڈاکے میں پیپلزپارٹی بھی شامل ہے کیوں کہ 08 جولائی کو ایوان صدر میں آصف علی زرداری نے مزید چھ نئے کینال بنانے کی منظوری دی تھی، سندھ میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں پیپلزپارٹی محض بیان بازی کرکے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

صوبائی امیر نے نورفاؤنڈیشن اسکول کا دورہ بھی کیا اور تعلیمی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف احمد ملاح، ضلعی امیر عبدالمجید سموں، مولانا عطاالرحمن بلوچ،عبداللہ آدم گندرو، غلام شفیع سموں اور صوبائی امیر کے خصوصی معاون زاہد حسین راجپر بھی موجود تھے۔