راولپنڈی (صباح نیوز)نو مئی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان سمیت 60 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔فرد جرم انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائی۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، راجا بشارت، اسد شفیق اور زرتاج گل وزیر سمیت 60 ملزموں کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی۔ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے 265 ڈی کی درخواست دائر کی گئی۔مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں۔ 23 ملزمان کو عدالت پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتاریاں شروع کر دیں،سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا، راجہ بشارت جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد جیل سے باہر نکلے تھے۔اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بھی حراست میں لے لیا گیا، عمر ایوب کو بھی پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے زرتاج گل اور فواد چوہدری کو گرفتار نہیں کیا، فواد چوہدری اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئیتاہم، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے اسٹاف میں شامل عظیم الدین عرف بلا بھی گرفتار کرلئے گئے جو کہ پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن ہیں۔پولیس نے احمد چھٹہ کو بھی حراست میں لے کر پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کردیا،
راولپنڈی پولیس نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب سمیت 4 پی ٹی آئی رہنماوں کو گرفتار کرلیا۔ تمام رہنماؤں کو فائنل کال پر پرتشدد احتجاج کے تناظر میں درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔قبل ازیں کیس کی سماعت میں پیش ہونے کے لیے عمر ایوب، زرتاج گل، راشد شفیق، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی، جاوید کوثر، ساجد قریشی، مسرت جمشید چیمہ، محمد احمد چھٹہ، عثمان ڈار اڈیالہ جیل پہنچے۔عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے تمام ملزمان کو آج طلب کررکھا تھا، اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 120 ملزمان پر فرد جرم عائد ہونی تھی۔کیس کے سلسلے میں عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی لاہور جیل سے طلب کیا ہے۔
عدالت نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، شبلی فراز ، شیریں مزاری،زرتاج گل ،زین قریشی ،طیبہ راجہ کو گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم دیا تھا۔ان کے علاوہ دیگر تمام غیر حاضر 45 ملزمان کو بھی گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم جاری کیا گیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ وارنٹ گرفتاری والے ملزمان پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔۔