اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کو حکومت کی معاشی اصلاحات کے حوالے سے سنگ میل قرار دیتے ہوئے ڈیجیٹائزیشن کے اہداف کو 31 دسمبر 2024تک مکمل کرنے اور ٹیکسیشن کو موثر و تیز تر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اہم معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔وزیراعظم نے محصولات میں اضافے کے لیے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، انہوں نے اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ ،چیئر مین ایف بی آ ر، سیکرٹری خزانہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں ، فسکل سپیس بڑھنا خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے ملک میں ٹیکسیشن کو موثر اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے محصولات کے نفاذ اور اس حوالے سے بنائی گئی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے سخت اقدامات اور ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم کاموں کو 31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمگل شدہ ایندھن کے خلاف سخت کریک ڈائون اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی وجہ سے، پاکستان میں پٹرولیم کی فروخت نومبر 2024 میں 25 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور 1.58 ملین ٹن تک رہی جو انتہائی خوش آئند ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا جو توانائی کی مارکیٹ میں بحالی کی نشاندہی کرتا ہے ۔ وزیراعظم نے پٹرول کی سمگلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد کے بروقت فیصلے کی بدولت پاکستان کو 500 ملین ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ ملا ۔اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ ایف بی آر کی ویلیو چین کی ڈیجیٹائز یشن سے متعلق تمام کام مارچ 2025 تک مکمل ہو جائے گا ، شوگر انڈسٹری کی وڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کا کام مکمل ہو چکا ہے ، سیمنٹ انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے حوالے سے ڈیزائن کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔
وزیراعظم نے سیمنٹ انڈسٹری کی وڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کے لئے سسٹم ڈیزائن کا کام مکمل ہو چکا ہے ، چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل انوائسنگ کے حوالے سے موبائل فون ایپلی کیشن اس مہینے کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی ، پرآل کا نیا بورڈ تشکیل دیا جا چکا ہے ، پرآل کا ہارڈ ویئر اور ڈیٹا سینٹر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ،
فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ کے حوالے سے سینٹرل اسیسمنٹ یونٹ کراچی میں قائم کیا جا چکا ہے جو کہ 31 دسمبر 2024 سے کام کا آغاز کر دے گا ۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔